اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے 5 کیمپ چلا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 8 ہزار 226 اجتماعی قبریں دریافت کی گئی ہیں، یہ وہ قبریں ہیں جو بھارتی افواج نے بیگناہ کشمیریوں کو قتل کرکے بنائی ہیں، ان تمام افراد کو بے دردی سے مارا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارتی افواج نے 239 ٹارگٹ سیل قائم کر رکھے ہیں، 2014 کے بعد 30 ہزار افراد کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، مقبوضہ کشمیر میں 231 افراد کو بجلی کا کرنٹ لگایا گیا، بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں کیمیکل ہتھیار استعمال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے 3 ہزار 800 سے زائد خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ برطانوی اخبار کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں 8 سے 10 ہزار افراد لاپتہ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں 2014 سے پیلٹ گنز استعمال کی گئیں، پیلٹ گنز سے 15 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 2014 سے اب تک15 ہزار 495 محاصرے اور سرچ آپریشن کیے گئے، بھارت کی طرف سے 13 ہزار بچوں کو قید کیا گیا۔
عاصم افتخار نے بتایا کہ بھارت کے 6 ایسے ڈریکونین قوانین ہیں جو کسی بھی شخص کو دہشتگرد قرار دے سکتے ہیں جبکہ بھارت داعش کے 5 تربیتی کیمپ چلا رہا ہے، بھارت کی طرف سے داعش کے تربیتی کیمپ چلانا تشویش کا باعث ہے۔