نئی دلی (جیوڈیسک) امریکا اور دیگر یورپی اقوام کی شہ پر اسرائیل مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک پر تو آئے روز جارحیت کرتا رہتا ہے اس کے ساتھ ہی دنیا کے دیگر ممالک میں بھی صیہونی حکام کی بدمعاشی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اس کی تازہ مثال بھارت میں دیکھی گئی ہے جہاں اسرائیل کے 3 بدمعاش سفارتکاروں نے ہوائی اڈے پر امیگریشن اہلکار کی ہی دھلائی کرڈالی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز نئی دلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو جانے والی پرواز میں کچھ ہی وقت رہ گیا تھا تاہم ہوائی اڈے پر مسافروں کی زیادتی کے باعث امیگریشن کا عمل تاخیر کا شکار ہورہا تھا۔
اس صورت حال میں 3 غیر ملکیوں نے اپنی باری آنے پر امیگریشن اہلکار پر کام میں سستی کا الزام لگایا جس پر ان کی تلخ کلامی ہوگئی، بات زیادہ بڑھی تو تینوں نے مل کر بھارتی اہلکار کو دھکے دیئے اور کئی تھپڑ جڑ دیئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے ان تینوں مسافروں کو تفتیش کے لئے روک لیا جس پر انہوں نے بتایا کہ وہ تینوں اسرائیل کے سفارت کار اور ایک سفارتی مشن پر کھٹمنڈو جارہے ہیں، سفارتی استثنیٰ حاصل ہونے کی وجہ سے تینوں افراد کو گرفتار تو نہیں کیا جاسکا تاہم ان کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری اہلکار پر تشدد کا مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔ اس کے علاوہ اس بارے میں اسرائیلی سفارت خانے کو بھی باضابطہ طور پر مطلع کردیا گیا ہے۔