نئی دہلی (جیوڈیسک) کمزور ٹیکنالوجی اور مسلسل ناکام میزائل تجربات کے باوجود بھارت کا جنگی جنون بڑھ رہا ہے ، بھارتی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کی فوج نے حکومت کی جانب سے ملکی طور پر تیار کیے گئے آکاش میزائلوں کی فراہمی کو رد کر دیا ہے جبکہ فوج اسرائیل سے میزائل خریدنے پر غور کر رہی ہے۔
خطے کی چودھراہٹ کا خواب دیکھنے والا بھارت ہتھیاروں کا ڈھیر جمع کرنے پر تلا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت اسرائیل سے زمین سے فضا میں مار کرنے والے کوئیک ری ایکشن میزائل خریدے گا جو کہ جنگی طیاروں ہیلی کاپٹرز اور ڈرونز کے خلاف انتہائی اہم ہتھیار تصور کیا جاتا ہے۔
بھارتی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فوج نے حکومت کو صاف کہہ دیا ہے کہ ملکی طور پر تیار کیے گئے آکاش میزائل کمزور ٹیکنالوجی سے تیار کردہ ، ناپائیدار اورجنگ کے اگلے محاذ پر مطلوبہ صلاحیت کے حامل نہیں جبکہ فوج کے پاس چودہ ہزار کروڑ سے زائد مالیت کے آکاش میزائلوں کا ڈھیر لگ چکا ہے اور ان میزائلوں کے فائر کرنے کا طریقہ کار بھی انتہائی پیچیدہ ہے۔
بھارت گذشتہ دو دہائیوں سے آکاش میزائل سسٹم کے مسلسل تجربات کر رہا ہے اور تیار کیے گئے میزائلوں پر نیوی اوربھارتی فضائیہ نے بھی سوال اُٹھائے تھے۔