اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے اسلام آباد میں بین الاقوامی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں متنازع ہے جسے جلد حل ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو نے اقوام متحدہ کی قرارداد کو مانا تھا اور اقوام عالم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنا عہد پورا کریں گے۔ اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد کرآئیں گے اور کشمیریوں کو ان کا حق دیں گے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ استصواب رائے سے کریں۔
پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان نہرو کی بات کو اس لئے اہمیت دیتا ہے کیونکہ انہوں نے آزادی کیلئے بہت جدوجہد کی تھی۔ اس لئے پاکستان نے نہرو کی بات کو تسلیم کیا تھا اور اب بھارت سے پاکستان کوئی نیا مطالبہ نہیں کر رہا اور نہ ہی کوئی تنازع پیدا کر رہا ہے بلکہ پاکستان ہندوستان سے ان کے آباﺅ اجداد کے کئے ہوئے وعدے کی تکمیل چاہتا ہے۔
اب ہندوستان کو بھی چاہئے کہ وہ فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے آباﺅ اجداد کا نام روشن کرے۔