بھارت کو جلد یا بدیر ریاست جموں کشمیر سے اپنا قبضہ ختم کرنا ہو گا۔ توقیر گیلانی

jklf

jklf

کوٹلی (نامہ نگار) بھارت اور پاکستان کو جلد یا بدیر ریاست جموں کشمیر سے اپنا اپنا قبضہ ختم کرنا ہو گا. جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا ہے کہ مقبول بٹ شہید کے فکر و فلسفے پر عمل کرتے ہوئے جدوجہد کو فیصلہ کن مرحلے تک لیجانا ہی مقبول بٹ کے پیروکاروں کا اولین فرض ہے۔بھارت اور پاکستان کو جلد یا بدیر ریاست جموں کشمیر سے اپنا اپنا قبضہ ختم کرنا ہوگا۔وہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ وسٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ مندیاڑی یونٹ کی طرف سے شہیدِ کشمیر مقبول بٹ کے یومِ ولادت کے حوالے سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔جلسہ عام کی صدارت لبریشن فرنٹ کے سینئر راہنما محمود بٹ آف دوبئی نے کی جبکہ سٹیج سیکریٹری کے فرائض عدنان ملک نے انجام دیے۔ جلسہ عام میں لبریشن فرنٹ برطانیہ کے سینئر راہنما یوسف چودھری نے خصوصی شرکت کی۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہمقبول بٹ شہید نے متعدد بار اپنی تقریروں اور تحریروں میں بیان کیا کہ ہم آزادی کیوں اور کیسی آزادی چاہتے ہیں۔ ڈاکٹرتوقیر گیلانی نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور چور لٹیرے سیاستدانوںکیلئے نہیں بلکہ عام عوام کیلئے ہے جن کی زندگی غلامی اور بوسیدہ طرزِ حکمرانی نے اجیرن بنا رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 68سالوں میں الحاق نواز سیاستدانوں اور انکی اولادوں نے اس قوم کو لوٹنے اور قومی وقار کی سودے بازی کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاسی جماعتوں کی فرنچائزز وہی کام کر رہی ہیں جو ایک فرنچائز کو کرنا چاہیے یعنی لوٹ مار کر کے پیسے مالکوں تک پہنچانا۔انہوں نے کہا کہ غیر ریاستی جماعتوں کی یلغار نے مسئلہ کشمیر کا بیڑہ غرق کرنے کے ساتھ ساتھ سیاسی اصولوں اور جمہوری و انسانی اقدار کی بھی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی ہیں اور آزاد کشمیر کت وسائل کو جونکوں کی طرح چوس چوس کر اپنے آقائوں کو خوش کرنے کی دوڑ میں ایک دوسرے سے سبقت لیجانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی ضروریات اور سہولیات کی فراہمی کسی بھی پاکستانی جماعت کا ایجنڈہ نہیں ہے اسی لیے سڑکیں،ہسپتال، سکول ، واٹر سپلائی اور تھانا کچہری سمیت تمام سرکاری ادارے تباہ و برباد ہو کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کوٹلی اس وقت خستہ حالی کا شاہکار بنا ہوا ہے لیکن ممبرانِ اسمبلی اور وزراء کی فوج ظفر موج کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض ہی نہیں۔ ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد دراصل بیرونی آقائوں کی ریاست بدری اور چورلٹیرے سیاستدانوں سے عوام کی نجات کی جدوجہد ہے اس لیے مقبول بٹ کے ماننے والوں کو عوام کے حالات تبدیل کرنے اور ایک بہتر معاشرے کے قیام کیلئے اس مقدس جدوجہد کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقبول بٹ کے پیروکار صبح آزادی کے حصول تک اپنی جدوجہد کو ہر قیمت پر اور ہرحال میں جاری رکھیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ برطانیہ کے راہنمایوسف چودھری نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کے کارکنان کو ہر گائوں، ہر محلے میں وطن فروش اور کرپٹ سیاستدانوں کا محاسبہ کرتے ہوئے عوامی راہنمائی کا فریضہ انجام دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر بیڈ گورننس کا شاہکار بن چکا ہے اس لیے قومی آزادی کی جدوجہد کے ساتھیوں کو آگے بڑھ کر عوامی مسائل کے حل کیلئے جرات مندانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام چور لٹیرے سیاستدانوں اور بہروپیوں کو بار بار آزمانا بند کریں اور بھیس بدل بدل کر آنے والوں کا محاسبہ کرتے ہوئے جدوجہد آزادی میں اپنا حصہ ڈالیں۔

تقریب سے سٹی صدردلشاد قریشی،فاروق راجہ ، عدنان ملک،عمران کھوکھر، اعزاز گیلانی،ماجد بخاری، جاوید بٹ، ارشد کھوکھر،اعتزاز شاہ ، خلیق بیگ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ تقریب کے اختتام پر مقبول بٹ کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ، شہداء کشمیر کے درجات کی بلندی اور قائدِ تحریک امان اللہ خان و چیئرمین محمد یٰسین ملک کی صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی اور لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔