نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں زیادتی کا شکار ہونے والی بچیوں کے لئے انصاف مانگنا بھی جرم بن گیا، اٹاوا میں انصاف مانگنے پر ملزم کے باپ نے متاثرہ بچی کی ماں کو سرعام برہنہ کردیا۔
بدایوں میں زیادتی کا شکار دو بچیوں کے بدقسمت والدین کا کہنا تھا کہ وہ جب گمشدگی کی رپورٹ درج کرانے تھانے پہنچے تو سب سے پہلے ان کی ذات پوچھی گئی، جس کے بعد پولیس نے گالیاں دیں، مذاق اڑایا اور ملزمان کو بھاگنے میں مدد دی، ہم ملزم کے گھر گئے جہاں ملزم نے اپنے گھر میں بچیوں کی موجودگی کا اعتراف کیا، لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
پولیس نے کہا کہ جاؤ جا کر ڈھونڈو، کہیں درخت پر لٹکی مل جائیں گی۔ پہلی بار پولیس کی اطلاع درست ثابت ہوئی اور بچیوں کی آم کے پیڑ سے لٹکی لاشیں مل گئیں، ادھراٹاوا میں زیادتی کا شکار ایک بچی کی ماں کے انصاف مانگنے پر ملزم کے باپ نے اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، بااثر شخص نے نہ صرف خاتون کو مارا پیٹا بلکہ اسے سر عام برہنہ کر دیا۔