اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دنیا کی کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے کوئی ڈرامہ کر سکتا ہے لیکن ہم بھارت کو واضح پیغام دیتے ہیں ہم کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مودی کی پالیسی انتہا پسند ہندو جماعت راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا نظریہ ہے، اس نے کشمیر کے معاملے پر تاریخی غلطی کر دی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ کی مودی سے بڑی زبردست گفتگو ہوئی۔
مودی نے تاثر دینے کی کوشش کی کہ کشمیر میں حالات درست ہیں لیکن ٹرمپ نے کہا اگر معاملہ دوطرفہ ہے تو ستر سال سے حل کیوں نہیں ہوا؟ انہوں نے ایک بار پھر ثالثی کا اپنا موقف دہرایا، یہ بہت بڑا بھارت کے لیے دھچکا ہے۔
وزیراعظم کے قوم سے خطاب بارے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نے قوم کو صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ وہ دنیا بھر میں کشمیریوں کے سفیر بنیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہر ہفتے کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ تیس اگست کو بارہ سے ساڑھے بارہ بجے پوری قوم جہاں جہاں ہوگی کام چھوڑ کر احتجاج کرے گی جبکہ جمعہ کے روز دفتر خارجہ کے تمام اہلکار بھی اظہار یکجہتی کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا سے توجہ ہٹانے کے لیے کوئی ناٹک کر سکتا ہے لیکن بھارت کو واضح پیغام ہے ہم کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آج میری سیکرٹری جنرل او آئی سی سے بات ہوئی ہے۔ سیکرٹری جنرل نے کہا جو توقعات ہیں ہمیں لکھ کر بھجوا دیں جسے میں آج ہی انھیں بھجوا رہا ہوں۔