سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنماسید علی گیلانی نے گزشتہ سال ممبئی میں کشمیری نوجوان کی موت کے بارے میں ہونے والے انکشاف پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سر ی نگر سے جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے اسی وقت کہا تھا کہ پرویز احمد کی موت کوئی حادثہ نہیں بلکہ ایک قتل ہے لیکن کٹھ پتلی انتظامیہ نے اس معاملے میں غفلت اور غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا اور اس سلسلے میں لواحقین کی کوئی مدد نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ پورا بھارت کشمیریوں کے لیے موت کاشکنجہ ثابت ہورہا ہے اوربھارت کے کسی بھی کونے میں کشمیری محفوظ نہیں ہیں۔ حریت رہنما نے کہا۔
کہ سال 2013ء میں بھارت میں تعلیم حاصل کرنے اور کاروبار کرنے والے کئی نوجوانوں کی لاشیں مقبوضہ کشمیر بھیج دی گئیں اور پرویز احمد بھی ان ہی بدنصیب لوگوں میں شامل تھا، جنہیں کشمیری ہونے کے جُرم میں جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔