اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 17 کشمیریوں کی شہادت اور حریت رہنماؤں کی گھروں میں نظر بندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت کے مطالبے سے دستبردار نہیں کیا جا سکتا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جموں کشمیر پر قابض فوج کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج اپنی بربریت کے ذریعے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے مطالبے سے دستبردار نہیں کروا سکتی، ایسی کارروائیاں کشمیری عوام کے حقوق سلب کرنے کے مترادف اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں، کشمیری قائدین اور شہریوں کا قتل بھارتی جارحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے کیونکہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ہی ممکن ہے۔ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی غیرجانبدارانہ رائے شماری کرائی جائے۔