راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف ایک روزہ دورے پر جرمنی پہنچ گئے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے یو ایس سینٹ کام کی کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کا خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت کشمیر جیسے تاریخی مسئلے کو حل نہیں کرنا چاہتا۔ مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے سے غلط فہمیاں پیدا اور علاقائی تنازعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بھارتی ایجنسی را بلواسطہ حکمت عملی کے تحت معصوم لوگوں کا خون بہا رہی ہے۔
جنرل راحیل شریف نے کانفرنس کو آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ پاکستانی فورسز دہشتگردوں کیخلاف بلا تفریق آپریشن کر رہی ہیں۔ دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی کوششوں نے ملکی صورتحال بدل دی ہے۔
دہشتگردوں کی پناہ گاہوں اور خفیہ ٹھکانوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ دہشتگردوں کے ہمدردوں اور مالی معاونت کرنے والوں کیخلاف آپریشن ہو رہا ہے۔ مستحکم افغانستان پرامن خطے کی ضمانت ہے۔ افغانستان سمیت کانفرنس کے تمام شرکاء کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ دنیا دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتی ہے۔