بھارت بھر میں کشمیری طلبہ خوف و ہراس کے شکار ہیں، تحریک وحدت اسلامی

 Srinagar

Srinagar

سرینگر (جیوڈیسک) تحریک وحدت اسلامی جموں و کشمیر کے جنر ل سکریٹری محمد یوسف ندیم نے کہا کہ بھارت بھر میں کشمیری طلبہ خوف و ہراس کے شکار ہیں، جے این یو واقعہ کے بعد سے خاص طور سے کشمیری طلبہ و طالبات کو بڑے پیمانے پر ہراساں کیا جا رہا ہے، آریس ایس کی ہدایات پر بھارتی حکومت نے دہلی، یوپی، کولکتہ اور راجستھان کے ساتھ ساتھ دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیری طلاب کے خلاف ظلم و بربریت پر منبی مہم چھیڑی ہوئی ہے۔

کشمیری طلاب کا ڈاٹا جمع کیا جا رہا ہے جس کا مقصد انکے مستقبل کو تاریک تر کرنا ہے، تحریک وحدت اسلامی کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ بھارت میں کوئی کشمیری طالب علم محفوظ ہے نہ تاجر، حکومت، حکومتی کارندے اور پولیس اپنے پورے وجود کیساتھ کشمیریوں کے خلاف برسر پیکار ہے۔

ایسے میں ریاست جموں و کشمیر کی یونیورسٹیز اور کالجز اور دیگر علمی مراکز کے طلاب کو بیرون ریاست طلاب کی حمایت میں پرامن صدائے احتجاج بلند کرنی چاہیے۔

انہوں نے کشمیری طلاب کی ہراسانی کو فوری طور بند کرنے کی مانگ کی اور کہا کہ ہم بیرون ریاست کشمیری طلاب کے شانہ بہ شانہ ہیں اور اگر انہیں کوئی گزند پہنچائی گئی تو اسکے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

تحریک وحدت اسلامی نے ریاست جموں و کشمیر کے نام نہاد حکمرانوں کی ان طلاب کو ہراساں اور پریشان کئے جانے پر انکی مکمل خاموشی کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکمران کشمیری طلاب پر روا رکھے جارہے مظالم میں برابر کے شریک ہیں۔