بھارت کے لیفٹینٹ جنرل دلبیر سنگھ سہاگ کو نیا آرمی چیف بنانے کا فیصلہ

 Dalbir Singh Suhag

Dalbir Singh Suhag

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی وزارت دفاع نے لیفٹینٹ جنرل دلبیر سنگھ سہاگ کو نیا آرمی چیف بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کرنے پر جنرل دلبیر سنگھ کے خلاف انکوائری بٹھائی جا چکی ہے۔

1970ء میں بھارت کی نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کا حصہ بننے والے جنرل دلبیر سنگھ سہاگ کو موجودہ آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ کی جگہ تعینات کیا جائے گا جو اکتیس جولائی کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔

جنرل دلبیر سنگھ نے 1974ء میں کمشن حاصل کیا۔ انسٹھ سالہ جنرل دلبیر سنگھ کئی سال مقبوضہ کشمیرمیں ترپن ویں انفنٹری بریگیڈ کے کمانڈر تعینات رہے۔

اس دوران انہوں نے آزادی کشمیر کی تحریک کو کچلنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ جنرل دلبیر سنگھ کو جعلی مقابلوں میں بے گناہ کشمیریوں کو شہید کرنے پر وادی میں نفرت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ ان کے پیش رو آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ نے 2012ء میں جعلی مقابلوں اور بھارتی ریاست آسام میں ناکام آپریشن پر ان کے خلاف انکوائری کا حکم دیا تھا۔

بھارتی وزارت دفاع نے جنرل دلبیر سنگھ کو آرمی چیف تعینات کرنے کیلئے سفارشات حکومت کو بھجوا دی ہیں۔