اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہےکہ بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں لیکن اس کے ساتھ دیرینہ مسائل حل کیے بغیر امن کا خواب حقیقت نہیں بن سکتا۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار سے بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نوازشریف کے دورہ بھارت سمیت پاک بھارت تعلقات پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں لیکن اس کے ساتھ دیرینہ مسائل حل کیے بغیر امن کاخواب حقیقت نہیں بن سکتا جبکہ بھارت کے مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدگی دکھانے تک دونوں ممالک کے تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات برابری کی سطح پر ہونے چاہئیں اور ہمیں امید ہے کہ نئی بھارتی حکومت پاکستان سے تعلقات کی بہتری کے لیے مثبت اقدامات کرے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم نوازشریف اپنے بھارتی ہم منصب کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے بھارت گئے تھے جہاں انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی جس میں بھارت کی جانب سے ایک بار پھر ممبئی حملوں میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔