اسلام آباد(جیوڈیسک)بھارت نے غلطی سے کنٹرول لائن پار کرنے والے پاکستانی سپاہی کا جسد خاکی واپس کر دیا۔ شہید اخلاق کی تدفین کل آبائی علاقے میں کی جائے گی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی فوج نے غلطی سے کنٹرول لائن پار کرنے والے پاکستانی سپاہی کو شہید کر دیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی اخلاق احمد گزشتہ روز کھوئی رٹہ میں غلطی سے کنڑول لائن پار کر کے بھارتی علاقے میں داخل ہو گیا تھا جس کی حوالگی کے لئے پاکستان اور بھارت کے ڈی ایم اوز کے درمیان رابطہ بھی ہوا۔
بھارتی ڈی ایم او نے انکشاف کیا کہ سپاہی اخلاق شہید ہو گیا ہے جس کے بعد اس کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ آئی آیس پی آر کے مطابق 22 سالہ سپاہی اخلاق کلر سیداں کا رہائشی تھا اور گزشتہ چار سال سے فوج میں خدمات انجام دے رہا تھا۔