اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ فاشسٹ ہندوتوا بلوائی بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر گہری تشویش ہے، بھارت کی جانب سے کشمیر میں یکطرفہ اقدامات قبول نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کو سراہا گیا اور بھارتی اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، عالمی برادری کو بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے رہیں گے، وزیر خارجہ کے نیو یارک دورے کا محور بھی کشمیر، افغانستان اور پاکستان کی معاشی ترقی رہا۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی نائب وزیر خارجہ آج سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کر یں گی، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ مفادات پر مبنی تعلقات ہیں، پاکستان اور امریکا ایشیاء میں امن کے خواہاں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا استحکام کا خواہاں ہے، اور دونوں ممالک افغانستان کے حوالے سے ایک نقطہ نظر رکھتے ہیں، کانگریس میں ہونے والی سماعت امریکا کی سرکاری پوزیشن کی عکاسی نہیں کرتی۔