لندن (جیوڈیسک) برطانوی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت ایم کیو ایم کی مالی مدد کرتا رہا ہے ،بی بی سی کے دعوے کے مطابق بھارت سے مالی مدد لینے کا اعتراف لندن میں مقیم ایم کیو ایم کے دوسینئر رہ نماؤں نے کیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے یہ اعتراف 2012 میں برطانوی پولیس کے روبرو تفتیش کے دوران کیا جبکہ جون 2013 میں لندن میں ایک چھاپے کے دوران دھماکہ خیز مواد اور ہتھیاروں کی فہرست بھی ملی۔
برطانوی نشریاتی ادارےنے مزید انکشاف کیا ہے کہ ملنے والی فہرست میں خریدا گیا اسلحہ اور رقم ممکنہ طور پر کراچی میں استعمال ہونا تھی،جون 2013 میں یہ چھاپا ایم کیو ایم کے ایک رہنما کے گھر پر مارا گیا تھا۔ایم کیو ایم سے الزامات پر کئی سوالات بھیجے گئے تاہم ان کا جواب نہیں ملا،اس سلسلے میں بھارت سے بھی اس طرح کے سوالات پوچھے گئے جس کا کوئی جواب نہیںملا ۔