بھارت میں مسلمانوں نے عید کے دوران سبزیوں پر پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا

Vegetables

Vegetables

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں ایک مسلمان شخص نے عدالت میں ایک درخواست جمع کرائی ہے جس میں عید کے دنوں میں سبزیوں پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بینگلور کے فلاح فیصل نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ کئی بار مذہبی وجوہات کے باعث گوشت پر پابندی عائد کی جاتی رہی ہے اور اس لحاظ سے ملک کی اقلیت ہوتے ہوئے ہم یہ کہنے میں حق بجانب ہیں کہ عید کے موقع پر پورے ملک میں سبزیوں پر پابندی عائد کی جائے کیونکہ پودوں کے بھی احساسات ہوتے ہیں۔

اس سے قبل بھارتی حکومت نے جین دھرم کے مذہبی تہوار پریوشن کے موقع پر کئی شہروں میں گوشت کی خریدوفروخت پر پابندی عائد کردی تھی۔ درخواست میں بھارتی شہری نے یہ بھی کہا ہے کہ سبزیاں اگانے میں مضرِصحت کیمیکل بھی استعمال ہورہے ہیں اور ایک دن کے لیے سبزیوں پر پابندی عائد کی جانی چاہیے اور سبزی کھانے والوں کو چاہیے کہ وہ ایک دن کا روزہ رکھ لیں کیونکہ یہ ان کی صحت کے لیے اچھا ہوگا۔

درخواست گزار نے یہ بھی کہا ہے کہ ایک دن ناغے سے ایک دن کے لیے سبزی بچے گی اور کسانوں کو بھی آرام کرنے کا موقع ملے گا۔ فیصل نے کہا ہے کہ پابندی کے بعد سبزی کھانے والے اگر کچھ کھانا چاہیں تو ان کے گھر آکر مٹن بریانی کا لطف اٹھائیں۔ عدالت میں دائر کی گئی اس درخواست پر 200 سے زائد افراد دستخط کرچکے ہیں۔