بھارت میں مسلمانوں کیخلاف پھر پرتشدد واقعات کا سلسلہ شروع

India Muslims Violence

India Muslims Violence

تریپورہ (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت میں مسلمانوں کیخلاف ایک بار پھر پرتشدد واقعات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بھارتی ریاست تریپورہ میں مسلمانوں کیخلاف پرتشدد واقعات میں مساجد شہید کر دی گئی ہیں، ریاست میں 21 مختلف واقعات میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ 15 مساجد میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے،3 مساجدکومکمل طور پر شہید کر دیا گیا، ان تمام واقعات میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، ٹی 20 ورلڈکپ میچ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد مسلمانوں کیخلاف پرتشدد واقعات میں اضافہ ہواہے۔

سینئر بھارتی صحافی سریندر کھوچر نے بات کرتے ہوئے کہاکہ عبادت گاہ کسی بھی مذہب کی ہو اس کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، بدقسمتی سے ایسے شدت پسند عناصر موجود ہیں جواپنے نظریات کی بنیاد پر دوسروں کی عبادت گاہوں پر حملے کرتے اور انھیں نقصان پہنچاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان میں ہندو مندر پر حملوں کے واقعات کاپاکستان کی سپریم کورٹ نے نوٹس لیا، بھارتی سپریم کورٹ کوبھی ایسے واقعات کانوٹس لیناچاہیے اورشدت پسندوں کیخلاف سختی سے نپٹنا چاہیے۔

سکھ رہنما گوپال سنگھ چاولہ کا کہنا ہے بھارتی میں انتہا پسند ہندوؤں نے سکھوں کے ساتھ مسلمانوں کابھی جینابھی دوبھر کر دیاہے، بھارت میں سکھوں اور مسلمانوں کو متحد ہو کر مظالم کیخلاف آواز اٹھانا ہو گی، انھوں نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں جو پاکستان میں پیدا ہوئے اور یہاں رہتے ہیں جہاں ہمیں ہر قسم کی مذہبی آزادی ہے۔