کراچی: اربن ڈیمو کریٹک فرنٹ کے چیئر مین ناہید حسین نے کہا ہے کہ بھارت ہو ش کے ناخن لے پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اگر حملہ کیا گیا تو اس کا پوری قوم دندان شکن جواب دے گی، دنیا بھارت کی تباہی خود دیکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو چاہئے کہ پہلے اپنے ملک سے غربت کا خاتمہ کرے اسی میں ان بھلائی ہے ان کے لوگ بھوک سے مررہے ہیں اور حکمران جماعت انتخابات جیتنے کیلئے اپنے ملک میں جنگی جنون ابھار رہی ہے یہ دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اربن ڈیمو کریٹک فرنٹ پر ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اربن ڈیمو کریٹک فرنٹ کنوینسنگ کمیٹی کے اراکین ، شعبہ جات کے ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعدا د موجود تھی۔
انہوں نے کہا مزید کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے جس کی حفاظت ہم ایمان کی حد تک سمجھتے ہیں بھارت نے 1965 ء میں بڑی مار کھائی تھی لگتا ہے یہ پاگل پن میں اپنی تباہی خود کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایٹم بم شو پیش میں رکھنے کے لئے نہیں بنائے یہ بھارت کی بد معاشی کے پیش نظر ہی بنائے گئے ہیں اگر بھارت نے حملہ کیا تو اس کا جواب ایٹمی حملہ کی صور ت میں ان کو دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان دشمن عناصر کو ایک آنکھ نہیں بھار ہا ہے اسی لئے وہ کبھی پاکستان کو دہشت گرد ریاست گردانتے ہیں کبھی یہاں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کی بات کرتے ہیں اس سارے کھیل میں امریکہ بھارت کی پشت پر کھڑا ہے امریکہ نہیں چاہتا ہے کہ پاکستان ترقی کرے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ایجنڈے کے مطابق بھارت نے اپنے فوجی اڈے پر حملہ کرایا تاکہ دنیا کو بتا سکے کہ حملہ پاکستان نے کرایا ہے اور یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کا مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے مظالم ڈھائے ہوئے ہیں آج کئی روز گذر گئے کشمیر ی کرفیو کے باعث فاقہ کشی پر مجبور ہیں بھارت جتنے بھی مظالم ڈھا لے لیکر وہ کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت کو ختم نہیں کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اربن ڈیمو کریٹک فرنٹ کا ایک ایک کارکن وطن عزیز کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے بے چین ہے ، اربن ڈیمو کریٹک فرنٹ بھارت کی دوغلی پالیسیوں کو پوری دنیا میں بے نقاب کرے گی اس ضمن میں اربن ڈیمو کریٹک فرنٹ کے کارکنا ن دنیا بھر میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرینگے ۔ اس موقع پر اربن ڈیمو کریٹک فرنٹ سیکریٹریٹ پاکستان زندہ باد ،جان جان پاکستان دل دل پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھا ۔کارکنان نے قومی پرچم تھام کر ہنگامی اجلاس میں شرکت کی اور اجلاس کے اختتام پر پاکستان زندہ باد ریلی بھی نکالی گئی جس میں لوگوں نے بڑی تعدا د میں شرکت کی۔ سیکریٹری انفارمیشن ناصر علی