اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت ایل او سی پر شرپسندوں کی موجودگی کے حوالے سے پروپیگنڈا کر رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کنٹرول لائن پر کیل سیکٹر اور شاردا میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف کو خانہ ومردم شماری سے متعلق پاک فوج کے تعاون پر بریفنگ دی گئی۔
اسی دوران میجر جنرل اظہر عباس نے ایل او سی کی صورتحال اور فائر بندی پر بھارتی خلاف ورزیوں پر بریفنگ بھی دی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کاروائی تیاریوں اور فائر بندی کی خلاف ورزیوں کا مؤثر طریقے سے جواب دینے پر جوانوں کو سراہا اور آزاد جموں کشمیر حکومت کے تعاون سے ترقیاتی کام یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایل او سی پر شرپسندوں کی موجودگی کا پروپیگنڈا کررہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا جب کہ پاک فوج کنٹرول لائن پر آباد لوگوں کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنائے رکھے گی، آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم سے آگاہ ہیں۔