بھارت سے مذاکرات کیلئے دوبارہ رابطہ نہیں کرینگے: طارق فاطمی

Tariq Fatmi

Tariq Fatmi

اسلام آباد (جیوڈیسک) خارجہ امور پر وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی کے لئے دوبارہ رابطہ نہیں کرے گا۔ اگر بھارت کو پاکستان سے بات کرنی ہے۔

تو اسے پہل کرنا ہوگی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی کوششوں سے یہ مذاکرات بحال ہونے جا رہے تھے جنھیں بھارت نے ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اب انھیں دوبارہ کرنے کے لئے بھی پیش قدمی بھارت ہی کو کرنا ہوگی۔

ہم اس سلسلے میں اب بھارت سے کوئی رابطہ نہیں کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ دنوں میں سرحدوں پر پیدا ہونے والی کشیدگی کا براہِ راست تعلق بھارت میں ہونے والے ریاستی انتخابات سے ہے۔

یہ اب سامنے کی بات نظر آتی ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی انتخابات میں حمایت حاصل کرنے کے لئے پاکستان مخالف جذبات کو استعمال کر رہی ہے جو بہت بدقسمتی کی بات ہے۔