بھارت کے جوہری تجربات خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے میں رکاوٹ ہیں، صدر مملکت

Dr. Arif Alvi

Dr. Arif Alvi

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت کے جوہری تجربات خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے میں رکاوٹ ہیں۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں اور دنیا میں جوہری عدم پھیلاؤ کا حامی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاع کو مضبوط بنا کر ہی دیرپا امن کا قیام ممکن ہے لیکن پاکستان جوہری ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں تزویراتی استحکام کا حامی ہے اور عالمی امن کو لاحق خطرات سے مشترکہ طور پر نمٹا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام آئی اے ای اے کے قواعد و ضوابط کے مطابق اور جوہری ہتھیار ملکی دفاع کے لیے ہیں جب کہ پڑوسی ملک کے جوہری تجربات خطےکو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے میں رکاوٹ ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں تنازع کی بنیادی وجہ ہے لہذا اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر سمیت عالمی تنازعات کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے عالمی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے اور جوہری عدم پھیلاؤ کی کوششوں میں پاکستان متعلقہ اداروں سے تعاون کے لیے تیار ہے۔

ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے اولین ملکوں میں شامل ہے لیکن ایٹمی توانائی کے استعمال سے ملک میں ماحولیاتی آلودگی کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔