بھارت کی پاکستان کے علاوہ 180 ممالک کیلئے سیاحتی ویزا پالیسی میں نرمی

Tourist

Tourist

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی حکومت نے سیاحت اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے سیاحوں کو آمد پر ویزا دینے کی سکیم 180 ممالک تک بڑھا دی، سکیم میں پاکستان و افغانستان شامل نہیں

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی راجیو شکلا نے کہا کہ ہم نے 180 ممالک سے آنے والے سیاحوں کو آمد پر ویزا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو ضروری اقدامات کرنے کے لیے پانچ سے چھ مہینے لگیں گے۔

ہمیں امید ہے کہ ہم اس پر آنے والے سیاحت کے سیزن میں اکتوبر سے عمل درآمد کر لیں گے۔ انھوں نے اس کی کوئی وضاحت نہیں دی کہ پاکستان، افغانستان، سوڈان، ایران، عراق، نائجیریا، سری لنکا اور صومالیہ کے شہریوں کو اس سکیم میں کیوں شامل نہیں کیا گیا۔

راجیو شکلا نے کہا کہ بھارت کے 26 ہوائی اڈوں پر ملک میں آمد پر الیکٹرانک نظام کے ذریعے ویزا لینے کی سہولت موجود ہو گی اور اس ویزے کی مدت 30 دن ہو گی جو سیاح کے آمد کی تاریخ سے شمار ہوں گے۔ راجیو شکلا نے اس فیصلے کو تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سیاحت کو بہت فروغ ملے گا۔

حکومت ایک ویب سائٹ تیار کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جس کے ذریعے سیاح ویزے کے لیے درخواست دے سکیں گے اور ویزے کی فیس جمع کرا سکیں گے۔ درخواست کے تین دن کے بعد کسی بھی ہوائی اڈے پر آمد پر ویزا مہیا کر دیا جائے گا۔