نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ براہ راست مذاکرات ہوں گے لیکن اس میں حریت کانفرنس کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ براہ راست مذاکرات ہوں گے، مذاکرات میں حریت کانفرنس سے متعلق بھارتی موقف میں غلط فہمی کی کوئی گنجائش نہیں، بھارت اپنی بات خود کر سکتا ہے اس لئے پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں حریت کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ سال پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط خان کی حریت رہنماؤں سے ملاقات کو جواز بنا کر پاک بھارت سیکریٹری خارجہ ملاقات منسوخ کردی تھی۔