اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے خوفناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
قومی اسمبلی سے خطاب کرنے والے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ” ہم اپنے ایک فوجی جوان کے بدلے بھارت کے تین فوجیوں کو ہلاک کریں گے”
اسمبلی میں موجود کئی ارکان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرنا بند کرے کیوں کہ اس کی وجہ سے نریندر مودی کی حکومت کو ہر محاذ پر پاکستان پر دباؤ ڈالنے کا حوصلہ ملے گا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مودی حکومت لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کو اس لیے بڑھا رہی ہے تا کہ آئندہ عام انتخابات میں اسے عوام کی حمایت حاصل ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی میں ملوث ہے اور ہم نے اس حوالے سے ٹھوس دلائل اقوام متحدہ اور متعلقہ اداروں کو فراہم کر دیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کے لیے ایک انقلابی اقدام ثابت ہو گا۔ بھارت اس چیز سے خوفزدہ ہونے کی وجہ سے گندی چالیں چل رہاہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ “پاکستان بھارت کو ترکی بہ ترکی جواب نہیں دے گا تاہم خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی اور ملک کی زمینی، فضائی اور سمندری حدود کا دفاع یقینی بنایا جائے گا۔”