اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی نہ رہے پاکستان میانمار نہیں، پاک افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیر داخلہ چودھری نثار کا بھارتی وزیر راجیا وردھن راٹھور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان میانمار نہیں ، پاک افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں ، پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پاک بھارت امن مذاکرات کا اعادہ کیا۔ بھارت نے مذاکرات کے تمام دروازے بند کر دیئے۔ ایل او سی پر بمباری بھارتی پالیسی کا حصہ بن گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ بھارتی وزرا کی طرف سے اشتعال اور دھمکی آمیز بیانات معمول بن گئے ہیں ، بھارتی قیادت دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دے۔ پاکستان پر تسلط قائم کرنے کے بھارتی عزائم کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستان کے خلاف عزائم رکھنے والے اپنے کان اور آنکھیں کھولیں۔