راولپنڈی (جیوڈیسک) جماعۃ الدعوۃ راولپنڈی نے بھارت کی جانب سے ورکنگ بائونڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت سے سفارتی اورتجارتی تعلقات ختم کیے جائیں، بھارتی وزیراعظم نے پاکستان دشمنی کے نام پر ووٹ لئے، پاکستانی حکمران بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دیں، اقوام متحدہ ایک ناکام ترین ادارہ بن چکاہے اس کاامن مشن صرف اورصرف یہودی ونصاریٰ کیلئے ہے، اس ادارے نے مسلمانوں کا آج تک ایک مسئلہ بھی حل نہیں کیا، کشمیریوں کی سوالاکھ سے زائد قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ان خیالات کااظہار جماعۃ الدعوۃ راولپنڈی کے امیر مولانا عبدالرحمن معاون ناظم اطلاعات محمد اویس اور ناظم شعبہ تاجران ابوطلحہ ٰنے دنیا فورم میں کیا۔ مولانا عبدالرحمن نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف نے جس طرح جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اْٹھایا اسی طرح بھارتی جارحیت کے خلاف بھی دوٹوک انداز میں اپنے موقف کا اظہار کرنا چاہیے تھا، کشمیر کے حوالے سے جو بات کی اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے کشمیری قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ بھارت ایک طرف پاکستان سے دوستی اور مذاکرات کا ڈھونگ رچارہا ہے اور دوسری طرف کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، ہمیں کسی مایوسی کا شکار نہیں چاہیے، پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی صلاحیت رکھتا ہے
انڈیا کی جانب سے طے شدہ منصوبے کے تحت شدت پیدا کی جا رہی ہے ایک طرف دوستی کے راگ الاپے جا رہے ہیں تو دوسری طرف مذاکرات کو روکنے کے لئے گھٹیا ہتھکنڈے اپنائے جا رہے ہیں تا کہ ایسے واقعات کے بعد پاکستان مذاکرات کے لئے تیار نہ ہواور پھر اسے دنیا میں بدنام کیا جاسکے۔ سلامتی کونسل میں بھارت کو دہشتگرد ملک قرار دینے کیلئے قرارداد لائی جائے۔