اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ بھارت پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے جب کہ اقتصادی راہداری پر ہرزہ سرائی سے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ موجودہ بھارتی قیادت پاکستان کی خوشحالی سے خوش نہیں اور وہ پاکستان کی ترقی سے خائف ہو کر مختلف حربے استعمال کررہی ہے جب کہ بھارتی وزرا کے بیانات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔
چوہدری نثار علی کا کہنا تھا پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاک چائنا اقتصادری راہداری پرردعمل سے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے اور نریندر مودی کا بیان بھی بھارتی عزائم کو ظاہر کرتا ہے جب کہ بھارتی وزیر دفاع نے پاکستان میں دہشت گردی کی ذمہ داری قبول کی تھی۔