لاہور (جیوڈیسک) بھارت نے پاکستانی گندم کی سب سے بڑی مارکیٹ افغانستان پر قبضہ کر لیا، بھارت سے 15 ہزار ٹن گندم کی کھیپ افغانستان پہنچ چکی جبکہ افغانستان نے مزید گندم درآمد کرنے کے لئے بھارت کو گرین سگنل دے دیا ہے پاکستان کے پاس اس وقت پنجاب میں 58 لاکھ ٹن، سندھ میں 17 لاکھ ٹن، کے پی کے میں ساڑھے 3 لاکھ ٹن، بلوچستان ایک لاکھ ٹن اور پاسکو کے پاس گندم کے 18 لاکھ ٹن ذخائر موجود ہیں۔ آئندہ برس بھی پاکستان کے پاس 55 سے 60 لاکھ ٹن گندم کا کیری فارورڈ سٹاک ہوگا۔
پاکستان افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں میں اپنی کئی دہائیاں پرانی منڈیاں کھو رہا ہے، ذرائع نے بتایا ہے زمینی راستوں سے گندم کی ایکسپورٹ پر پچھلے 10 ماہ سے پابندی عائد ہے، عالمی منڈی میں گندم کی قیمتیں 120 سے 180 ڈالر فی ٹن ہیں جبکہ پاکستانی گندم کا ریٹ 310 ڈالر فی ٹن ہے اس لئے پاکستان انٹرنیشنل مارکیٹ میں اپنی گندم فروخت نہیں کر پا رہا۔
آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عاصم رضا نے ‘‘دنیا ’’ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ہمارے پاس 98لاکھ ٹن کے قریب گندم کا سرپلس سٹاک ہے ،اضافی گندم کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ۔ حکومت فوری گندم ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے۔