ممبئی (جیوڈیسک) سابق بھارتی کپتان ساروو گنگولی نے کہا کہ بھارت اگر چاہے بھی تو پاکستان کو کرکٹ ورلڈ کپ سے باہر نہیں کروا سکتا۔
14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہونے والے حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف نا صرف سیاسی محاذ کھولا گیا بلکہ تجارت اور اداکاروں پر پابندیوں کے علاوہ کھیل کے میدان میں بھی پاکستان کو نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے نا صرف آئی سی سی سے ورلڈ کپ میں پاکستان سے میچز نہ کھیلنے سمیت پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کی باتیں بھی سامنے آئیں۔
لیکن بھارت کو پاکستان کے حوالے سے نا صرف بین الاقوامی سطح پر حزیمت کا سامنا کرنا پڑا بلکہ خود بھارت میں بھی بڑے پیمانے پر مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے خاکروبوں کے پاؤں دھونے کی ویڈیو سامنے آنے پر بھارتی اداکار اور سیاستدان راج ببر نے مودی کو ڈرامے باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اچھا ہوتا کہ مودی جی ان ضرورت مندوں کو کپڑے دلا دیتے۔
راج ببر نے نریندر مودی کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر لوگ تو یہاں تک کہہ رہے ہیں کہ مودی کے پیر دُھلانے کے دوران کسی خاتون کی پائل کھو گئی ہے، وہ ایف آئی آر کٹانے گئی ہے۔
سابق بھارتی کپتان ساروو گنگولی بھی اب میدان میں آگئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ بھارت چاہے بھی تو پاکستان کو کرکٹ ورلڈ کپ سے باہر نہیں کر سکتا۔
گنگولی نے کہا کہ آئی سی سی بھارت کے دباؤ میں ایسا کوئی فیصلہ نہیں کرے گا، ایک فیصد بھی امکان نہیں کہ آئی سی سی بھارت کی بات مان لے۔