فیصل آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور پی وائی او کے سابق صدر میاں سہیل یوسف نے کہا ہے کہ بھارت امن کا سب سے بڑا دشمن بن چکا ہے بے گناہ ‘ معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر بھارت ظلم و بربریت کی نئی داستانیں رقم کر رہا ہے۔ ایک طرف پاکستانی کنٹرول آف لائن پر بمباری’ جبکہ دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں گولہ و بارود کی بارش اور تین ماہ سے جاری مسلسل کرفیو نے سفاکیت اور فرعونیت کی انتہا کر دی ہے مگر ان تمام ظلم و جبر کے حربوں کے باوجود پاکستانی وزیروں’ مشیروں کا انڈیا جانا اور کرکٹ ٹیم کا سیریز کھیلنے کے لیے بیتاب ہونا سمجھ سے بالا تر ہے بھارت ہمارے شہریوں کو شہید کر رہا ہے جبکہ ہم چند ٹکوں کی خاطر ملی و اخلاقی غیرت و حمیت کا جنازہ نکال رہے ہیں۔
حکومت پاکستان و عوام کو ہوش کے ناخن لینا ہونگے کہ انڈیا تو ہمارے شہریوں کو بھارت سے دھکے دے کر نکال رہا ہے وزیروں مشیروں کی پریس کانفرنسیں ختم کروا کر انہیں فوری ملک چھوڑنے کا حکم مل رہا ہے مگر ہم کس قدر بے حس ہو چکے ہیں کہ ہم کھیلنے اور مال بنانے کے لئے بیتاب ہو رہے ہیں’ ہماری باشعور عوام سے اپیل ہے کہ جب تک انڈیا کنٹرول آف لائن کی خلاف ورزی اور معصوم و بے گناہ کشمیریوں پر ظلم و ستم سے باز نہیں آتا بھارت کا ہر سطح پر مکمل بائیکاٹ کر کے محب وطن اور باشعور شہری ہونے کا ثبوت دیں۔