ممبئی (جیوڈیسک) بھارت میں اب انسانوں کے بجائے ڈرون پیزا صارفین تک پہنچائیں گے جس کے لئے ممبئی کے ایک ریستوران نے ڈرون کے ذریعے پیزا کی ڈلیوری کا آغاز کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں فرانسسکو پیزیریہ نامی ریستوران نے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے اور اپنے صارفین کو پیزا کی جلد از جلد ڈلیوری کے لئے ڈرون سروس کا آغاز شروع کیا ہے۔ ریستوران کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پیزا کی ہوم ڈلیوری کے لیے اس جدید ترین اور تیز ترین سہولت کی آزمائش ابتدائی طور پر کامیاب رہی ہے۔ آزمائش کے دوران پہلے دن ایک کسٹمر کو تقریباً ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلے پر کامیابی سے پیزا پہچایا گیا ہے۔
ریستوران کے ایک ملازم کے مطابق ڈرون کی مدد سے پیزا ہوم ڈلیوری، موٹر سائیکل سواروں کے ذریعے پیزا بھجوانے کے مقابلے میں سستی بھی پڑے گی جب کہ ریستوران کے مالک کا کہنا ہے کہ ابھی تک تو اس کی صرف آزمائش کی گئی ہے لیکن آئندہ چند سالوں کے دوران ڈرونز کے ذریعے پیزا کی ڈلیوری معمول کا حصہ بن جائے گی۔
دوسری جانب ممبئی پولیس نے ریستوران کی جانب سے اطلاع دیئے بغیر ڈرون اڑانے پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہرکی حدود میں ڈرون یا اس طرح کے دوسرے جہاز نجی طور پر اڑانے کی ممانعت ہے۔