کیرالہ (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت میں ایک مسافر بردار طیارہ لینڈنگ کے وقت رن وے سے پھسل گیا۔ اس واقعے میں پائلٹس سمیت 18 افراد مارے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ بھارتی ریاست کیرالہ میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شدید بارش جاری تھی۔
مقامی حکام کے مطابق ایئرانڈیا ایکسپرس کی یہ پرواز دبئی سے کیرالہ میں کالی کٹ کے ہوائی اڈے پر پہنچی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے دنیا بھر میں پھنسے بھارتی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے پروازوں کا انتظام کیا گیا ہے اور یہ پرواز بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی۔
حادثے کے وقت اس جہاز میں 174 بالغ مسافر اور دس بچوں کے علاوہ دو پائلٹس اور عملے کے چار ارکان سوار تھے۔
کیرالہ کے چیف منسٹر کے مطابق حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کیا جا چکا ہے اور زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔
بھارتی سول ایوی ایشن کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری کے مطابق حادثے کی تحقیقات فوری طور پر شروع کر دی گئی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جہاز کے پائلٹس انتہائی تجربہ کار تھے تاہم انہیں انتہائی خراب موسم کا سامنا تھا۔
پاکستانی وزیراعظم عمران خان سمیت کئی دیگر ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے اس واقعے پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔
عمران خان نے ٹوئٹر پیغام میں لکھا، “بھارتی ریاست کیرالہ میں ایئر انڈیا کے جہاز کو پیش آنے والے حادثے اور اس کے نتیجے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر نہایت مغموم ہوں۔ رب کریم متاثرہ خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی سکت عطا فرمائے۔‘‘