رائے پور (جیوڈیسک) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں آبادی پر قابو پانے کےلئے حکومتی پروگرام کے تحت خواتین میں رحم کے آپریشن میں پیچیدگیوں کے باعث 8 خواتین ہلاک جب کہ 52 کی حالت خراب ہو گئی جن میں سے 10 کی حالت انہتائی تشویشناک ہے۔
ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بلاسپور کے گاؤں پنڈیری میں واقع ایک سرکاری اسپتال میں حکومت کی جانب سے بڑھتی آبادی پر کنٹرول کے پروگرام کے تحت خواتین میں رحم مادر کے آپریشن کے لئے ایک کیمپ لگایا گیا تھا۔ کیمپ میں درجنوں خواتین نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا تاہم بڑی تعداد میں خواتین آپریشن کے بعد ہونے والی پیچیدگیوں کا شکار ہوگئیں جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا، اسپتالوں میں لائی گئیں 60 میں سے 8 خواتین چند گھنٹوں کے دوران ہی دم توڑ گئیں جبکہ 52 خواتین اب بھی زیر علاج ہیں، جن میں کم از کم 10 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
چھتیس گڑھ کے محکمہ صحت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے جبکہ ہلاک ہونے والی خواتین کے لواحقین کے لئے 2 ،2 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے جن میں سے 50 ہزار روپے فوری طور پر ادا کئے جائیں گے۔