شکر گڑھ (جیوڈیسک) بھارتی فوج کی سیز فائر لائن کی خلاف ورزی جاری ہے، چار واہ سیکٹر اشرف شہید پوسٹ پر بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی ہے،چناب رینجرز کی بھرپور جوابی فائرنگ سے دشمن خاموش ہو گیا۔ بھارت کا جنگی جنون بڑھتا ہی جا رہا ہے۔
چار واہ سیکٹر پر اشرف شہید پوسٹ پر بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر سیز فائر معاہدہ توڑتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی۔چناب رینجرز کی جانب سے بھرپور جوابی فائرنگ سے بھارتی بندوقیں خاموش ہو گئیں۔ پچھلے چوبیس گھنٹے میں تین بار بھارتی فوج نے شکرگڑھ،بٹل سیکٹر اور نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔
اتوار اور پیر کی درمیانی شب، بٹل، چری کوٹ اور ستوال سیکٹر میں فائرنگ کی گئی۔اس سے پہلے بھارتی فوج نے راولا کوٹ، بٹل، مدار ، ڈونگا، بجوات، گھمیر اور کوٹلی سیکٹرز میں فائرنگ کی اور پھر آزاد کشمیر میں گھس کر چار پاکستانی مزدور اغوا کر لئے،اس کے بعد روایتی طور پر دراندازی کا الٹا الزام پاکستان پر ہی لگا دیا۔