اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بنگلا دیش میں دیئے گئے پاکستان مخالف بیان پر مذمتی قرار داد پیش کریں گے۔
قومی اسمبلی میں بجٹ بحث اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بنگلا دیش میں دیئے گئے بیان پر کڑی تنقید کی ۔ انہوں نے کہا بھارت آج بھی پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی کو چیلنج کرنا چاہتا ہے ، مودی کے بیان سے لگتا ہے بھارت نے اب تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا۔
انہوں نے زیرک انداز میں طنز کے تیر برساتے ہوئے کہا اماں پکائے گی ہم کھائیں گے ، چین دے گا تو ہم کریں گے۔ اپوزیشن رہنما خورشید شاہ اپنے خطاب میں حس ظرافت کا سہارا بھی لیتے رہے، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں تین چیزیں بہت مشہور تھیں ، اجینو موٹو ، سو موٹو اور عتیقہ اوڈھو، ان کا کہنا تھا کہ حکومت جو اچھا اقدام کرے اس کی حمایت کریں اور اگر غلط کریں تو اس پر آواز اٹھائیں۔