سری نگر (جیوڈیسک) چیئرمین حریت کانفرنس (گ) سید علی گیلانی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے سب سے بڑی ناانصافی کشمیری قوم کے ساتھ ہورہی ہے اور یہ ملک پچھلی 6 دہائیوں سے کشمیریوں کے حق خودارادیت اور حق آزادی کو دباتا چلا آرہا ہے۔
انہوں نے نریندر مودی کو مخاطب کیا کہ کشمیری قوم کو انصاف دیا گیا تو یہ خود بھارت، بلکہ پورے برصغیر کے کروڑوں عوام کی بھلائی کا کام ہوگا اور اس سے جنوب ایشیا کا پورا خطہ امن، استحکام اور ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہوگا۔
اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ نریندر مودی کا سال پیدائش اگرچہ 1950 ء ہے، البتہ وہ 47 ء کے اس عظیم انسانی المیے سے یقینا واقف ہوں گے، جب برصغیر پاک و ہند کی انگریزوں کی جبری غلامی سے خلاصی کے صرف 72دن بعد بھارت نے جموں کشمیر میں اپنی فوجیں اتادیں اور ایک نسبتاً کمزور اور بے سروسامان قوم کو جبری طور غلام بنا لیا۔
گیلانی نے کہا کہ بھارت نے ان وعدوں کو پورا نہ کرکے کشمیری قوم کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی کی ہے۔