کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان بھارتی جنگی جنون سے لاحق ہونے والے خطرات کی براہ راست زد میں ہے جبکہ اسی جنونیت کے تحت وہ پاکستان کو دولخت بھی کر چکا ہے چنانچہ اپنی سلامتی کے تحفظ کی خاطر ایٹمی ٹیکنالوجی میں وسعت اور جدید ہتھیاروں کا حصول پاکستان کی مجبوری ہے اوراس میں کوئی دورائے نہیں کہ بھارتی جنونیت بڑھے گی تو اپنی سلامتی کیلئے تحفظ کیلئے پاکستان اپنی ایٹمی ٹیکنالوجی بروئے کار لانے پر مجبور ہو گا جبکہ پاکستان اور بھارت کے مابین جنگ اب کسی صورت روایتی نہیں ہو گی بلکہ ایٹمی جنگ میں تبدیل ہو گی جو عالمی اور علاقائی سلامتی کی تباہی پر منتج ہو گی تو اس کا ذمہ دار جنونی بھارت ہی ہو گا۔ محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی نے مزید کہا کہ عالمی برادری نے اگر بھارت کے جنونی ہاتھ روکنے میں کوئی کردار ادا نہیںکیا اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے یو این قراردادوں کی عملداری قائم نہیں کی تو بھارتی جنونیت دنیا کی تباہی کی نوبت لا کر رہے گی اوربھارت اگر ہر صورت جارحیت پر ہی آمادہ ہے تو ہمیں بھی اپنی سلامتی کے تحفظ کا ہر تقاضہ بروئے کار لانے کا حق حاصل ہے۔ اس پر کسی قسم کی مفاہمت کے ہم قطعاً متحمل نہیں ہو سکتے۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے سیمینار بعنوان”زبان کے تحفظ سے ہی ثقافت و تہذیب محفوظ ہوگی “ سے خطاب کرتے ہوئے گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہقومی و صوبائی زبانوں کے ساتھ ہر علاقائی زبان کی اپنی ایک چاشنی اور ایک تہذیب ہے جسے محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی قومی زبان اردو ہے مگر اس کے باوجود پنجاب میں پنجابی ‘ سندھ میں سندھی ‘ بلوچستان میں بلوچی ‘ خیبر پختونخواہ میں پشتو ‘ کشمیر میں کشمیری زبان بولی جاتی ہے جبکہ صوبائی زبانوں کے باہم ملاپ سے جنم لینے والی ہند کو ‘ سرائیکی اور گلگتی زبانیں بھی مقامی زبان کا درجہ رکھتی ہیںجبکہ گجراتی بھی بہت بڑی زبان ہے جس کے بطن سے کچھی ‘ کاٹھیاواڑی ‘ مارواڑی ‘ میمنی وغیرہ نے جنم لیا ہے۔ گجراتی قومی موومنٹ نے گجراتی سمیت تمام علاقائی ‘ صوبائی ‘ مقامی ‘ قومی اور تہذیبی و وراثتی زبانوں وتہذیبوں اور ثقافتوں کو محفوظ بنانے کی شعوری تحریک کا آغاز کردیا ہے اب ہر زبان و تہذیب سے وابستہ فرد کا فریضہ ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اپنی زبان اور اپنی تہذیب و ثقافت کو محفوظ بنانے کیلئے اسے اپنی آئندہ نسلوں میں فروغ دے اور اپنے بچوں کو اپنی زبان بولنا ‘ پڑھنا اور لکھنا بھی سکھائے اور اپنی تاریخ و تہذیب سے بھی متعارف کرائے کیونکہ ہر زبان اظہار جذبات کا ذریعہ اور مطلب و مدعے کو دوسروں تک پہنچانے کا باعث ہوتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کراچی (اسٹاف رپورٹر ) اورنگی ٹاون میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے نصف درجن سے زائد پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر اظہار افسوس اور شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کیلئے دعائے مغفرت اور ان کے اہلخانہ و سندھ پولیس سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما امیر علی سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ‘ خان آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی‘ عمرا ن چنگیزی و دیگر نے کہا کہ سوات ‘ وانا اور وزیرستان کے بعد اب کراچی میں بھی دفاعی اور محافظ اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی رسم اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشگرد فنا نہیں ہورہے بلکہ ملک کے طول وعرض میں پھیل رہے ہیں اور دہشتگردی کا ناسور اپنی حدود بڑھاتا جارہا ہے جو یقینا حکومتی اور دفاعی اداروں کے دہشتگردوں کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے کی دعووں کی تردید ہے اسلئے حکومت اور اداروں کو اس جانب توجہ دیتے ہوئے سب سے پہلے کراچی سے دہشتگردوں ‘ کالعدم تنظیموں ‘ ان کے سہولتکاروں ‘ سرپرستوں اور ہمدردوں کا خاتمہ کرنا چاہئے وگرنہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عسکری قیادت کا عزم خواب ناتمام ہی رہے گا۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیر سولنگی اور سردار اکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی ‘ ایڈوکیٹ کرم اللہ سولنگی ‘ ایڈوکیٹ اقبال سولنگی نے کہا ہے کہ علاج کے بہانے پیپلز پارٹی قیادت سے ملاقات کے بعد وزیراعظم کی وطن واپسی اس بات کا ثبوت ہے کہ اب پانامہ لیکس کا جن اپنی موت آپ مرنے والا ہے اسلئے اب پانامہ لیکس سے شاید چند سیاسی جماعتوں کو قد بڑھانے اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا موقع تو ضرور مل سکتا ہے البتہ قوم کو کچھ حاصل نہیں ہوگا کیونکہ روایت کے مطابق جمہوریت کے تحفظ کے نام پر استحصالی قوتیں اپنے اپنے مفادات کیلئے ایک دوسرے کے دفاع کیلئے یکجا ہوچکی ہیں ۔ اب تو صرف اللہ سے ہی التجا و دعا ہوسکتی ہے کہ وہ اس مجبور ‘ بے کس و بے بس قوم کے گناہوں کو بخشتے ہوئے اس کے منافق و مفاد پرست رہنماوں ‘ رہبروں اور قیادتوں کو غیرت ایمانی عطا کردے کہ وہ قوم کو مزید لوٹنے کی بجائے لوٹی گئی اور بیرون ملک منتقل شدہ قومی دولت کی وطن واپسی کی راہ نکال کر اس فانی دنیا میں ہی اپنے گناہوں کے کفارے کی کوشش کریں بصورت دیگر انصاف و دفاع اور قانون کی عملداری و آئین کی حکمرانی کے ذمہ دار وں کی خاموشی اس ملک وقوم کے تاریک مستقبل کی گواہی تو دے ہی رہی ہے۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہمدم ویلفیئر کی تقریب حلف برداری ‘ چیئرپرسن روبینہ شاہین سمیت تمام عہدیداروں ‘ کارکنان و ممبران سے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے حلف لیا ۔ ہمدم ویلفیئر آرگنائزیشن کی بانی روبینہ شاہین نے چیئرپرسن ‘ اقبال چاند نے وائس چیئرمین ‘ عزیز صدیقی نے فائنانس سیکریٹری ‘سید عرفان رضوی نے جوائنٹ سیکریٹری اور حنیف چوہدری نے کیئر ٹیکر کی حیثیت سے حلف اٹھایا جبکہ دیگر حلف اٹھانے والوں میںاسسٹنٹ جوائنٹ سیکریٹری اکمل پراچہ ‘ انچارج شعبہ ثقافت سید انور علی شاہ ‘پی آر او شعبہ ثقافت نور علی شاہ اور ممبران ایگزیکٹیو کمیٹی عمر شیخ ‘ محمد یاسین ‘ فرح ناز ‘ جمیل پریمی ‘ فاروق قاسم ‘ سید عبدالرحمن ‘اکرم شہزاد ‘ افشاں میمن ‘ رضوانہ میمن ‘ کلثوم کے کے اور علی مراد شامل تھے جبکہ سکینہ میمن نے انچارج شعبہ خواتین اور زبیدہ باجی نے ڈپٹی انچارج کا حلف اٹھایا جبکہ روزینہ خان روزی ‘ صبین میمن ‘ ایڈوکیٹ صدیق بلوچ‘ سلیم لودھی ‘ مصطفی خان ‘اسماعیل عثمان ‘ گلوکارہ غزالہ غزل ‘ گلوکارہ ارم ‘کاشف راجپوت اور ڈاکٹر سمیرا نے بھی بطور مہمان تقریب میں شرکت کی۔