لندن (جیوڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے لیے افغان سرحدی علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں مشکلات درپیش ہیں۔
آرمی چیف نے امریکی حکام سے کہا کہ بھارت کی طرف بیان بازی اور سرحد پر کارروائی دہشتگردوں کے خلاف جاری ہماری مہم پر اثر انداز ہو رہے ہیں، پاکستان نے اپنی مغربی سرحد پر ایک لاکھ چالیس ہزار فوجی تعینات کر رکھے ہیں اور انہیں یہ یقین دلایا گیا تھا کہ مشرق میں بھارت سے متصل سرحد پر امن رہے گا۔
واضح رہے پاکستان اور بھارت کے درمیان ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کئی ہفتوں سے جاری ہے جس کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں دونوں جانب سے اب تک کم از کم 19 افراد ہلاک اور 50 کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔