اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی منسوخی کے بھارتی اقدام کو دنیا بھر میں اچھا نہیں سمجھا گیا حالانکہ پاکستان کشمیر پر نتیجہ خیز مذاکرات چاہتا ہے۔
کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی کسی بھی بھارتی کوشش سے مسئلہ بگڑ جائے گا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ کنٹرول لائن اور ورکنگ باوٴنڈری پر بلااشتعال فائرنگ بھارتی منفی عزائم کو ظاہر کرتی ہے۔
بھارت کے دھمکی آمیز بیانات سے یہ لگتا ہے کہ وہ جنگ کا ماحول چاہتا ہے۔ بھارت کی مذموم کارروائیوں سے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں امریکہ خطے کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔