بھارت کی دریائے چناب پر ایک اور ڈیم بنانے کی تیاریاں

India

India

بھارت نے دریائے چناب پر بگلہار ڈیم سے پانچ گنا بڑا ایک اور ڈیم بنانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ منصوبے کی دستاویزات دنیا انویسٹی گیشن سیل نے حاصل کر لیں۔ پاکستان میں انڈس واٹر کمشنر نے بھارت کے نئے منصوبے پر اعتراض تک داخل نہیں کیا۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے کشتواڑ میں دریائے چناب پر پاکل دل ڈیم بنانے کیلئے ٹینڈر جاری کر دیئے ہیں۔ یہ ڈیم کنکریٹ فلڈ اور بگلہار ڈیم سے پانچ گنا بڑا ہو گا جس میں ایک لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی۔

بھارت نے اس ڈیم کی تعمیر فاسٹ ٹریک پر چار سال میں مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکل دل ڈیم کی تعمیر سے دریائے چناب کا بہاو شدید طور پر متاثر ہو گا۔ دوسری جانب بھارت کی آبی جارحیت کا بار بار نشانہ بننے کے باوجود پاکستان میں انڈس واٹر کمشنر کی روایتی بے حسی کا تسلسل جاری ہے جو بھارت کے اس نئے منصوبے پر بھی خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور انڈس واٹر ٹریٹی کی واضح خلاف ورزی کے اس بھارتی منصوبے پر بھی اعتراض تک داخل نہیں کیا گیا۔