نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی حکمراں جماعت کانگریس کو الیکشن کے سال 80 کروڑ غریب یاد آگئے۔ سستا آٹا، چاول کی فراہمی کے لیے 20 ارب ڈالر کا بل راجیاسبھا سے منظور کرا لیا، بی جے پی نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ راجیہ سبھا نے ملک کے 80 کروڑ غریبوں کیلئے سستے آٹے اور چاول کی فراہمی کیلئے 20 ارب ڈالر کی سبسڈی اسکیم متعارف کرا دی۔ راجیہ سبھا کے چیرمین حامد انصاری نے بل پر زبانی ووٹنگ کرائی جسے بھاری اکثریت سے منظور کر لیا گیا۔ لوک سبھا میں یہ بل پہلے ہی منظور کیا جا چکا ہے۔
اب اسے صدر پرناب مکھر جی کے پاس بھیجا جائے گاجن کے دستخط کے بعد یہ قانون بن جائے گا۔ بل کی منظوری سے بھارت کی 64 فیصد آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔ تاہم حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت بی جے پی نے اسے رواں برس ہونے والے انتخابات سے قبل سیاسی چال قرار دیا ہے۔ اپوزیشن رہنما وین کائیانائیڈو نے کہا کہ حکومت نے نیم دلی سے جلدبازی میں اس بل کو منظور کرایا ہے۔ بی جے پی اس کودرست کر کے نافذ کرنا چاہتی ہے۔