اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے بیک چینل ڈپلومیسی کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم ہاوس میں برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ سے ملاقات میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کوششوں کے لیے اہم اقدامات اٹھا رہا ہے۔
بھارت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنا کر خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنا چاہتے ہیں،نواز شریف نے کہا کہ وہ افغانستان میں امن واستحکام کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یورپی یونین کی منڈیوں تک رسائی کے لیے برطانیہ کردار ادا کرے۔
برطانوی وزیراعظم کے حالیہ دورہ پاکستان سے تعلقات بہتر ہوئے ہیں، اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف کردار اہم ہے اورپاکستان کی خطے بالخصوص افغانستان میں امن کوششیں قابل تحسین ہیں۔