دبئی (اصل میڈیا ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں بھارت نے اسکاٹ لینڈ کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔
دبئی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18ویں اوور 85 رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں بھارت نے مطلوبہ ہدف 7ویں اوور میں ہی پورا کرلیا۔
خیال رہے بھارت کو گروپ میں اپنا رن ریٹ بہتر کرنے کے لیے اسکاٹ لینڈ کی جانب سے دیا گیا 86 رنز کا ہدف 7.1 اوور میں مکمل کرنا تھا جو اس نے با آسانی7 ویں اوور میں مکمل کرکے اپنا رن ریٹ پاکستان اور نیوزی لینڈ سے بھی بہتر کرلیا۔
بھارت کی جانب سے کے ایل راہل نے 18 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی جب کہ روہت شرما نے 16 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جارج منسے نے 24 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان کائل کوٹزر 1، وکٹ کیپر بلے باز میتھیو کراس 2 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
رچی بیرنگٹن کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔ مائیکل لیسک نے 21 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، مارک واٹ 14 اور صفیان شریف کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے روینڈرا جڈیجا اور محمد شامی نے 3،3، جسپرٹ بمرا نے 2 اور روی چندر ایشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔