نئی دہلی (جیوڈیسک) دسمبر کی مجوزہ سیریز سے قبل ہی بھارت پاکستان کو ناز نخرے دکھانے لگا، براڈ کاسٹر کے حوالے سے اعتراض ہوا، ساتھ میچز اپنے ملک میں کرانے پر بھی اڑ گیا، بورڈ چیف جگ موہن ڈالمیا نے تو پہلے ٹیسٹ کیلیے کولکتہ کا نام پیش کر دیا ہے،دوسری جانب پاکستان نے براڈکاسٹر پر بھارتی اعتراض رد کردیا، چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ اگر بی سی سی آئی کوکوئی مسئلہ ہے تو آئی سی سی سے رجوع کرے، وہاں سے ہدایت ملی تو مذکورہ چینل سے قطع تعلق کرلینگے، بڈنگ سے قبل ہم نے بھارتی بورڈ سے کہا تھا کہ کوئی اعتراض ہے تو ہمیں تحریری طور پر آگاہ کریں مگر ایسا نہیں کیا گیا، یہ معاملہ بحالی کرکٹ میں رکاوٹ ثابت نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دسمبر میں سیریز کھیلنے کا عندیہ دیا گیا، مگر ساتھ میں مختلف مسائل بھی سامنے لائے جا رہے ہیں، اس نے پی سی بی کے براڈ کاسٹنگ پارٹنر پر بھی اعتراض جڑ دیا جو ایسل گروپ کی ملکیت ہے،وہ ماضی میں باغی انڈین کرکٹ لیگ منعقد کرچکا اور یہ اطلاعات آرہی ہیں کہ اسی طرز پر اب ورلڈ لیگ شروع کرنا چاہتا ہے۔
شہریار خان سے ملاقاتوں میں بی سی سی آئی آفیشل نے براڈ کاسٹر پر اپنا اعتراض اٹھایا تاہم انھوں نے اسے رد کردیا ہے۔ ایک انٹرویو میں شہریار خان نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ دونوں ممالک کے درمیان مجوزہ سیریز میں براڈ کاسٹنگ کا معاملہ آڑے آئیگا،اس حوالے سے ایشوز ہم آئندہ چند ہفتوں میں حل کرلینگے،انھوں نے کہا کہ مسئلہ یہ تھا کہ بھارتی براڈ کاسٹرز ہمارے حقوق حاصل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے، موجودہ ادارے کے علاوہ جو کمپنی سامنے آئی اس کی بڈ آدھی سے بھی کم تھی، ہم نے بی سی سی آئی کو بتایاکہ 2،4 نہیں بلکہ پورے 60 ملین ڈالر کا فرق تھا۔
ویسے بھی جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹ حقوق بھی مذکورہ چینل کے پاس ہیں،کیا بھارتی بورڈ اس وجہ سے وہاں کے دورے بھی منسوخ کردے گا؟ ہم نے بی سی سی آئی آفیشلز سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں آئی سی سی سے رابطہ کریں، اگر اس نے سمجھاکہ ایسل گروپ اپنی متوازی لیگ شروع کرنے والا ہے تو اسی کے پاس ایکشن لینے کا اختیار ہے، اس لیے کونسل کو ہی اپنا کام کرنے دینا چاہیے، ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ بی سی سی آئی اب بڑے بھائی کا کردار ادا کرتا یا پھر دھونس دھمکی سے کام لیتا ہے۔
ایک سوال پر شہریار نے امید ظاہر کی کہ بی سی سی آئی کو سیریز کے یو اے ای میں انعقاد پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا، مگر اس حوالے سے بھی صورتحال حوصلہ افزا دکھائی نہیں دیتی کیونکہ بھارت خود اس سیریز کا اپنے ملک میں انعقاد کرنے کی خواہش رکھتا ہے، ذرائع نے بتایاکہ بی سی سی آئی کے صدر جگموہن ڈالمیا کی خواہش ہے کہ پاکستان سے پہلا ٹیسٹ کولکتہ میں کھیلا جائے، اگرچہ شہریار خان سیریز کے یو اے ای میں انعقاد کی تجویز پیش کرچکے لیکن بی سی سی آئی نے اس بارے میں کوئی جواب نہیں دیا ہے۔