بھارت کو جلد ایم ایف این قرار دے دیا جائے گا، پاکستانی ہائی کمشنر

High Commissioner

High Commissioner

کراچی (جیوڈیسک) بھارت کوپسندیدہ تجارتی ملک (ایم ایف این) کا درجہ بہت جلد دے دیا جائے گا، باہمی تجارت کوفروغ دے کر ہی دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کا خاتمہ ممکن ہے اور اس حوالے سے پاکستانی اور بھارتی تاجربرادری پہلے ہی سے سرگرم ہے جوقابل ستائش امر ہے۔

یہ بات دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط خان نے پاکستان ریڈی میڈگارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پریگمیا) کے تحت ممبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ ’’میڈ ان پاکستان نمائش‘‘ کے موقع پر کہی۔

انھوں نے کہا کہ بلاشبہ دونوں ممالک کی تاجربرادری نے تمام تر مشکلات کے باوجود تجارتی نمائشوں کا انعقاد کرکے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے کی کامیاب کوشش کی ہے۔

اس موقع پر وفاقی سیکریٹری ٹیکسٹائل وصنعت رخسانہ شاہ نے کہا کہ تجارتی روابط میں اضافہ اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت پر پابندیوں کا خاتمہ بے حد ضروری ہے، دنیا بھر میں ریجنل ٹریڈ کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے اوراسی تناظر میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بھی تجارت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔