میرپور (جیوڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت جنوبی افریقا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔ میر پور کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کا 173 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا، ویرات کوہلی نے ایک مرتبہ پھر شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پروٹیز بولرز کی خوب پٹائی کی اورگراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے، انہوں نے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر 72 رنز بنائے، اس سے قبل اوپنگ بلے باز روہت شرما اور اجنکایا ریہانے نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 39 رنز جوڑے، شرما 24 اور ریہانے 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تیسری وکٹ کی شراکت میں ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ نے 56 رنز جوڑے، 133 کے مجموعہ پر یووراج سنگھ 18 رنز بنا کر عمران طاہر کا شکار بن گئے جس کے بعد آنے والے بیٹسمین سریش ریانے نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 10 گیندوں پر 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، آخری اوور میں ویرات کوہلی نے دلکش چوکا لگا کر میچ کا اختتام کیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے بیورین ہیڈرک نے 2 اور وین پارنیل اور عمران طاہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کی جانب سے اوپننگ جوڑی ایک مرتبہ پھر ناکام رہی اور ڈی کوک 9 کے مجموعی اسکور پر 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ہاشم آملہ بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کر سکے اور 22 رنز بنا کر روی چندرا اشونت کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جس کے بعد کپتان ڈپلوسی اور جے پی ڈومنی نے تیسری وکٹ پر 71 رنز کی شراکت قائم کر کے بھارت کے لئے مشکلات کھڑی کر دیں، 115 کے مجموعہ پر کپتان ڈپلوسی 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 41 گیندوں پر 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جے پی ڈومنی 45 اور ڈیوڈ ملر 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے ویرات کوہلی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔