اسلام آباد (جیوڈیسک) جنرل اسمبلی میں بھارتی وزیر خارجہ کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کے بعد پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا بھرپور جواب، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کا سرپرست اعلیٰ ہے۔ بھارت دہشت گردی کو ریاستی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرتا ہے۔
قائداعظم پر تنقید کرنے والوں کے ہاتھ گجرات میں مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت سب سے بڑی منافق ہے، بھارت میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں۔
انہوں نے کہا بھارتی جاسوس کلبھوشن نے پاکستان میں دہشت گردی کرنے کا اعتراف کیا۔ پاکستان تمام مسائل کا حل مذاکرات سے چاہتا ہے لیکن مذاکرات کیلئے بھارت کو دہشت گردی کی پالیسی اور سرپرستی بند کرنا ہو گی۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کشمیر پر بھارت نے غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے اور کشمیری بچوں کو اندھا کرنے کیلئے پیلٹ گنز کا استعمال کر رہا ہے۔ پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ بھارت میں حکمران جماعت کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں۔