کراچی (جیوڈیسک) محمد رفیق مانگٹ پاکستان میں ہلاک بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کی بیٹی کو نائب تحصیل دار مقرر کر دیا گیا۔ بھارتی اخبارٹائمز آف انڈیا کے مطابق پاکستان میں ہلاک ہونے والے بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کی بیٹی سواپن دیپ کور کو پنجاب حکومت کے ریونیو ڈپارٹمنٹ میں نائب تحصیلدار کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ جالندھر میں ایک تقریب میں وزیر اعلی پنجاب پرکاش سنگھ بادل نے انہیں تقرری لیٹر پیش کیا۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ اس کی بیٹی کی تقرری کچھ بھی نہیں سوائے سربجیت کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے۔
پرکاش بادل کا کہنا تھا کہ ہم نے ان کی تقرری کرکے ایک قومی فرضہ پورا کیا ہے۔اپنے قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنا قومی فرض تھا جسے پورا کرناہر حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہیاور ہم نے صرف اپنی اخلاقی ذمہ داری پوری کی ہے۔بھارتی جاسوس سربجیت لاہور کی ایک جیل میں رواں برس 26 اپریل کو ساتھی قیدی کے حملے میں زخمی ہوا، کچھ دن اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد 2 مئی کو ہلاک ہو گیا۔
بھارتی پنجاب حکومت نے انہیں شہید قرار دے کران کے خاندان کے لئے ایک کروڑ معاوضے کا اعلان کیا اور ان کی بیٹی کو ریاست میں نوکری دینے کا اعلان کیا تھا۔ تقرری لیٹر ملنے کے بعد سواپن دیپ کا کہنا تھا کہ میں سروس ریکارڈ کو بہتر رکھوں گی۔ وزیر اعلی نے اپنا وعدہ پورا کردیا اب میں اپنے خاندان کی کفالت کروں گی۔ سواپن دیپ پیر کو اپنی نوکر ی کا آغاز کرے گی۔