گوہاٹی (جیوڈیسک) بھارتی ریاست آسام میں مقامی قبائل کی مسلح تنظیم نے حامی جماعت کو ووٹ نہ دینے پر مزید 10 مسلمانوں کو جاں بحق کردیا ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ 3 روز میں ہلاک ہونے والے مسلمانوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست آسام کے ضلع کو کراجھار اور باسکا میں آباد مسلمانوں کے خلاف گزشتہ 3 روز سے مسلح کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی باسکا کے علاقے نارائن گڑی سے مزید 8 لاشیں ملی ہیں جن میں 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں جبکہ کا گراباری سے 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
یہ تمام کے تمام افراد مسلمان ہیں، جس کے بعد گزشتہ 3 روز کے دوران دونوں اضلاع میں ہلاک کئے گئے مسلمانوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے۔ حکومت نے متاثرہ علاقے میں گشت کے لئے فوج کی مدد حاصل کرلی ہے اور مرکز سے نیم فوجی دستوں کی 10 کمپنیاں بھی طلب کی گئی ہیں جبکہ علاقے میں کرفیو لگا دیا گیا ہے۔